(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فورسز فلسطینیوں کو انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت طویل قید کی سزا سناتی ہے دوسری جانب مکنیوں کو بلا جواز تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔
فلسطینی میڈیا ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے آج صبح بھی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مقبوضۃ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران کم از کم 22 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا جبکہ متعدد کو زخمی کردیا۔
قابض فوج نے دو شہریوں کو مغربی رام اللہ میں ان کے گھروں سے اٹھایا۔ خاص طور پر بیت لولو اور بیت وونیا قصبے زیرِ عتاب آئے۔البیرہ میں فوج نے چھاپوں کے دوران چار شہریوں کو قید کر لیا ۔
مغربی نابلس میں دیر شرف گاؤں کے قریب عارضی چوکی پر ایک شہری اور مشرقی طوباس کے گاؤں تیاسیر میں گھر سے ایک شہری کو اغوا کر لیا گیا۔ الخلیل کے بیت کاحل قصبے میں چھاپے کے دوران مبینہ طور پر سات نوجوان شہریوں کو ان کے گھروں سے پکڑا گیا۔
دو نوجوانوں کو جنین شہر اور بیت لحم میں عایدہ پناہ گزین کیمپ سے اغوا کیا گیا۔صیہونی فورسز نے مشرقی بیت لحم میں الرشایدہ گاؤں پر دھاوا بولا اور مقامی آبادی سے تین بھائیوں کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر زخمی کر دیا۔
قابض فوج نے عقبہ جبر پناہ گزین کیمپ سے تین اور قلقیلیہ سے دو شہریوں کو اغوا کیا۔