(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے امریکہ اور مغربی حمایت سےمقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی کارروائیوں کا سلسلہ آج 23 ستمبر بروز پیر کو بھی جاری رکھا ہوا ہے جس کے بعد سات اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی دہشتگردی کو آج 353 واں روز ہوگئے ہیں۔
غاصب صیہونی افواج نے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے باعث غزہ کے مختلف علاقوں میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کاسلسلہ جاری رکھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق، غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے میں نصیرات کیمپ کے مشرق میں واقع خالد بن الولید اسکول پر غاصب صٰہونی فوج کے ہیلی کاپٹروں کی بمباری سے ایک نوجوان اس کی بیوی اور اس کا بچہ شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اس کے متوازی طور پر، صیہونی فوج کے لڑاکا طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس میں شبیر اسٹریٹ کے اطراف میں حملہ کیا وہاں بھی خواتین اور بچوں سمیت فلسطینیوں کی شہادتیں ہوئیں، شہر کے جنوب میں الصابرہ کے محلے کو بھی نشانہ بنایا اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کی فضائی حدود میں کم اونچائی پر پرواز جاری رکھیں۔
صیہونی طیاروں نے خان یونس کے مشرق میں قصبہ خزاعہ میں رہائشیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک بچہ شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔
قابض طیاروں نے وسطی غزہ میں بریج مہاجر کیمپ کے بلاک دو میں "وشاح” خاندان کے ایک کثیر المنزلہ مکان پر بمباری کی
غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح میں "ابو سماک” خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک خاتون اس کے پانچ بچوں سمیت چھ افراد شہید ہوئے۔
قابض فوجی ہیلی کاپٹروں نے خان یونس کے جنوب مشرق میں واقع علاقے قزان النجار پر حملہ کیا۔اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری اور قابض فوج کی گاڑیوں سے غزہ شہر کے جنوب میں واقع یونیورسٹی کالج کے آس پاس کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
آج صبح کے وقت غاصب صیہونی افواج نے الصابرہ کے محلے اور غزہ شہر کے جنوب مغربی علاقوں پر شدید اور مسلسل بمباری کی۔صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس میں الکرج کے مغرب میں شبیر اسٹریٹ کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا۔
گذشتہ رات قابض فوجی گاڑیوں نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے کے جنوب میں "کویت” گول چکر کے آس پاس فائرنگ کی۔
غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں بے مثال دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں اب تک 16 ہزار سے زائد بچوں اور 11 ہزار سے زائد خواتین سمیت 137,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں، 10,000 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔