(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی فوج نے التفاح محلے میں الشجاعیہ اسکول کے قریب ایک گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور 3 خواتین سمیت 11 شہری شہید ہوگئے۔
امریکی اور مغربی حمایت سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ہاتھوں گذشتہ 11ماہ سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کی کارروائیاں تاحال جاری ہیں ، غاصب صیہونی ریاست کے ہاتھوں آج نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کو 344 دن مکمل ہوگئے ہیں ۔ قابض فوج نے آج غزہ کے مختلف علاقوں میں وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا جس میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے باعث خواتین اوربچوں سمیت مزید درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
سول ڈیفنس نےبتایا کہ غزہ شہر کے شمال مغرب میں واقع دار الارقم اسکول کے قریب اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
شمالی غزہ کی پٹی میں بیت حانون پر اسرائیلی توپ خانے کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں دو افراد شہید اور متعدد شہری زخمی ہوگئے۔غزہ شہر کے مشرق میں التفاح محلے میں الشجاعیہ اسکول کے قریب بوستان خاندان کے گھر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 4 بچوں اور 3 خواتین سمیت 11 شہری شہید ہوگئے۔
شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے وسط میں الترنس کے علاقے میں قابض فوج کے طیاروں کی روضہ العلیا اسکول پر بمباری سے 3 شہری زخمی ہوگئے۔
سول ڈیفنس نے بتایا کہ اس کے عملے کو جبالیہ کے علاقے میں "الاشقر” خاندان کے گھرپر بمباری میں متعدد شہریوں کے شہید ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ پر حملہ کیا، جس میں الفلوجہ کے محلے میں المقادمہ خاندان کے ایک گھر کو بمباری سے تباہ کردیا۔وسطی غزہ کی پٹی میں قابض فوج کے جنگی طیاروں نے نصیرات کیمپ کے شمال مغرب میں بمباری کی۔
اس دوران قابض فوج نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح کے مغرب میں رہائشی عمارتوں کو اڑانے کا سلسلہ جاری رکھا۔غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس شہر میں العطار کے علاقے میں بے گھر ہونے والے لوگوں کے ایک ٹینٹ ہاؤس پر جمعہ/ہفتے کی درمیانی شب قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں دو شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔