(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی افواج نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی کارروائیاں آج بھی جاری رہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غاصب فوج نے خواتین اور بچوں سمیت مزید 34 فلسطینیوں کو شہید اور 96 کو زخمی کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف گذشتہ 11 ماہ سے جاری وحشیانہ بمباری اور نسل کشی کی کارروائیوں کے نیتجےمیں شہید ہونے والوں کی تفصیلات جاری کیں ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ غاصب صیہونی فوج نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں میں وحشیانہ بمباری کی جس کے نیتجے مٰں خواتین اور بچوں سمیت مزید 34 فلسطینیوں کے جسد خاکی منتقل کیے گئے جبکہ 96 زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ بہت سے زخمی اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہیں، صیہونی پابندیوں اور امدادی کارکنان کو نشانہ بنانے کے باعث ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ سات اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری فلسطینیوں کی نسل کشی میں اب تک 16 ہزار سے زائد بچوں اور 11 ہزار سے زائد خواتین سمیت 41,118 فلسطینی شہید اور 95,125 فلسطینی زخمی ہیں۔