(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی دہشتگردی میں اب تک 15 ہزار سے زائد بچوں 11 ہزار سے زائد خواتین سمیت تقریبا 40 ہزار فلسطینی شہید اور ایک لاکھ کے قریب زخمی ہیِ۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست نے آج مسلسل 311 ویں روز بھی مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں نسل کشی کے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے درجنوں فضائی اور زمینی حملے کیے۔
غاصب افواج کے طیاروں اور توپ خانوں نے آج پیر کے روز غزہ کے مختلف علاقوں میں پرتشدد بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران غاصب صیہونی فوج نے شہریوں کے گھروں، بے گھر افراد کےمراکز اور سڑکوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں شہید اور زخمی ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری اسرائیلی دہشتگردی کی تازہ تفصیلات کےمطابق غاصب فوج نے گذشتہ 24 گھنٹوں کےد وران غزہ میں بمباری کرتےہوئے خواتین اور بچوں سمیت مزید 60 فلسطینیوں کو شہید جبکہ 150 سے زائد کو زخمی کردیا ہے۔
قابض صہیونی فوج نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں خان یونس کے مشرق اور الزیتون محلے میں الزانہ اور بنی سہیلہ کے علاقوں پر بمباری کی۔غزہ کے مغرب میں ابوحصیرہ اسٹریٹ کے قریب مراد خاندان کے ایک گھر پر قابض طیاروں کی بمباری سے ایک شہری اور اس کی بیٹی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فضائیہ نے وسطی غزہ کی پٹی میں بریج مہاجر کیمپ پر حملہ کیا۔مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس کے مشرق میں نیو عبسان میں ایک رہائشی چوک کو دھماکے سے اڑا دیا۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ 18 سالہ نوجوان حسام علیان احمد کوارع جو گذشتہ روز خان یونس میں بدھ بازار پر اسرائیلی بمباری میں شدید زخمی ہوگیا تھا دم توڑ گیا۔
غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی توپخانے کی شدید گولہ باری دیکھنے میں آئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ رفح شہر کے مغرب میں واقع تل السلطان محلے پر توپ خانے سے گولہ باری کی اور مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ قابض فوج نے محلے کے رہائشی ٹاورز کو نشانہ بنایا۔ جنگی طیاروں نے رفح شہر کے شمال میں بھی دو حملے کیے اور غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح پر توپ خانے سے بمباری کی۔فلسطینی سول ڈیفنس سروس کے مطابق کل اتوار کو 15 فلسطینی شہری شہید ہوئے۔ ان میں درجنوں زخمی اور لاپتہ افراد کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔