(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) الجزائر جنین شہر پر صیہونی افواج کے وحشیانہ اور مجرمانہ حملے کے بعد اس کی تعمیر نو میں مدد کے لیے 30 ملین ڈالر کی مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
الجزائر کی سرکاری نیوز ایجنسی نے ایک خبر میں بتایا ہے کہ "الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مملکت نے مقبوضہ فلسطین کے شہر جنین اوراس کےپناہ گزین کیمپ پر صیہونی فوج کے وحشیانہ اور مجرمانے حملے جس میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ، تباہ ہونے والے مکانات اور دیگر املاک کی تعمیر نو میں مدد کے لیے 30 ملین ڈالر کی مالی امداد کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ "صیہونی افواج کے وحشیانہ حملے نے نہتے فلسطینی بھائیوں ،بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو متاثر کیا اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا، بہت سے فلسطینیوں کے بے گھر ہونے کےبعد کھلے آسمان تلے آگئے۔
انہوں نے "صہیونی قابض ریاست کے تحت فلسطینی عوام کی آزادی کی جدوجہد اور ان کے جائز قومی حقوق کے لیے ان کے مطالبے کے ساتھ الجزائر کی مستقل یکجہتی کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا ہےکہ الجزائر فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کے حصول اور آزاد فلسطینی ریاست میں مقبوضہ بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے مطالبے کا پرزور حامی ہے۔