(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی "فوج” نے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 زخمیوں کا اعلان کیا ہے ، ہلاکتوں میں اضافہ اسرائیلی حکومت کیلئے تشویش کا باعث ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے فوری طورپر یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جارہا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو آج 103 دن ہوگئے ہیں اس دوران صیہونی فوج نے غزہ پر بلاامتیاز وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاہم اس قتل عام کے باوجود فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے حوالے سے کوئی قابل زکر کامیابی حاصل کرنے میں اسرائیلی فوج مکمل طورپر ناکام ہے۔ اسرائیلی چینل 14 کے فوجی نمائندے ہلیل بٹن روزن نے آج صبح اعلان کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کےد وران تین اسرائیلی فوجی ہلاک اور 28 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کی شمالی علاقوں سے اپنی بریگیڈز کو نکال لیا تھا تاہم گذشتہ روز دوبارہ ان علاقوں میں اسرائیلی فوج کو بھیجا گیا ہے، فوج کے واپس آتے ہی القسام بریگیڈ اور دیگر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے غاصب فوج پر غیر معمولی حملے جاری ہیں جس میں صیہونی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔