(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی دہشتگردی میں اب تک 14 ہزار سے زائد بچے اور 10 ہزار سے زائد خواتین شہید ہوچکی ہیں جبکہ 79,652 زخمی اور 20 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے غزہ پر حملوں اور مسلسل جاری دہشتگردی کی تازہ تفصیلات جاری کردی گئی ہیں جس کے مطابق غزہ پرسات اکتوبر سے اسرائیلی دہشتگردی مسلسل 227ویں روز بھی جاری ہے، پرتشدد بمباری جس میں روزانہ سینکڑوں شہید اور زخمی ہورہے ہیں، جب کہ قابض فوج نے اتوار کے روز پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ کیمپوں پر اپنی پرتشدد بمباری میں شدت پیدا کردی۔
غزہ میں غاصب فوج کی مسلسل بمباری اور عمارتوں، اسکولوں اور صحت کے مراکز سمیت تمام باقی ضروریات زندگی کی تباہی کے نتیجے میں حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں ۔اسرائیلی دہشتگردی میں اب تک 14 ہزار سے زائد بچے اور 10 ہزار سے زائد خواتین شہید ہوچکی ہیں جبکہ 79,652 زخمی اور 20 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین یو این آر ڈبلیو اے کے ڈائریکٹر جنرل فلپ لازارینی کے مطابق، "غزہ کی تقریباً نصف آبادی بے گھر ہو چکی ہے”رفح پر حملے اور اس علاقے کو ایک بار پھر خالی کرنے کے انتباہات کے بعد انہیں "دوبارہ بے گھر ہونے پر مجبور کیا گیاہے ۔”