(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے رفح پر حملہ گذشتہ روز حماس کی جانب سے کرم ابو سالم کراسنگ پر صیہونی فوج پر کئے جانے کے بعد کیا جس میں تین صیہونی فوجی مارے گئے تھے ، اسرائیلی فوج نے رفح پر حملے کو جوابی کارروائی قرار دیاتھا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری اسرائیلی دہشتگردی کی تازہ تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے محصورشہرغزہ کے علاقے رفح میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 22 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے ۔
دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رفح میں پناہ لینے والے عام شہریوں کو فوری علاقہ چھوڑنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جس کے نتیجے میں مشرقی رفح سے شہریوں نے انخلا شروع کردیا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ 15 لاکھ فلسطینی شہریوں نے رفح میں پناہ لے رکھی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ مشرقی رفح میں موجود لوگ خان یونس شہر اور المواسی ٹاون میں موجود اسرائیلی فوج کی جانب سے بنائے گئے عارضی کیمپس میں چلے جائیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم متوقع زمینی آپریشن سے پہلے مشرقی رفح سے ایک لاکھ لوگوں کو نکال رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عالمی برداری پہلے ہی اسرائیل کو رفح میں زمینی آپریشن کی صورت میں تباہ کن نتائج سے خبردار کرچکی ہے۔علاوہ ازیں اسرائیل نے قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ ٹی وی کو بھی بند کردیا ہے جب کہ اسرائیلی حکام نے الجزیرہ ٹی وی کی نشریات کو روکنے کے بعد اس کا سامان ضبط کرلیا اور ویب سائٹ بھی بلاک کردی۔