(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) جمعرات کی شام مسلح صہیونی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں المغیر پر حملہ کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق درجنوں آبادکاروں نے گاؤں کے مغربی حصے پر دھاوا بولا اور خاص طور پر مرج سیع کے علاقے کو نشانہ بنایا۔ اس موقع پر نہتے فلسطینی شہریوں نے بہادری سے ان کا مقابلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج بھی آبادکاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے گاؤں میں داخل ہو گئی۔ اس دوران جھڑپیں شروع ہوئیں اور قابض فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر صوتی بم اور آنسو گیس کے شیل برسائے۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ المغیر گاؤں اور رام اللہ کے دیگر مشرقی علاقے گزشتہ کئی مہینوں سے آبادکاروں کے مسلسل دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں جن میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں اور ان کی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔