(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیل کی فورسز نے آج صبح بیت المقدس اور جنوبی فلسطین کے علاقے نقب میں فلسطینیوں کے گھروں کو منہدم کر کے اپنی منظم نسل کشی اور جبری بے دخلی کی ظالمانہ مہم کو جاری رکھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے بلڈوزروں کے ہمراہ بیت المقدس کے علاقے سلوان کے محلے "عین اللوزہ” میں داخل ہو کر فلسطینیوں کے رہائشی مکانات کو اس الزام پر گرا دیا کہ ان کے پاس تعمیراتی اجازت نامے نہیں تھے۔ یہ کارروائی مسجد اقصیٰ کے جنوبی جانب واقع علاقے میں کی گئی جہاں فلسطینی کئی دہائیوں سے آباد ہیں۔
یہ انہدامی مہم صرف بیت المقدس تک محدود نہیں رہی بلکہ قابض اسرائیلی حکام نے جنوبی فلسطین کے علاقے نقب کی کئی دیہی فلسطینی بستیوں کو بھی نشانہ بنایا اور متعدد مکانات اور تنصیبات کو غیر قانونی قرار دے کر زمین بوس کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق انہدامی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ صہیونی فوج نے متعدد مقامات پر فلسطینیوں کی زمینیں بھی ضبط کر لیں اور جبری انخلاء کے نوٹس جاری کیے۔
یہ اقدامات قابض اسرائیل کی اس منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہیں جس کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی آبائی سرزمین سے بے دخل کر کے وہاں صہیونی تسلط کو مستحکم کرنا اور فلسطینیوں کے وجود کو مٹانا ہے۔