(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں موجود قابض اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ نے ایک بار پھر بنجمن نیتن یاہو کی حکومت سے فوری طور پر ایک جامع معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے پیاروں کی واپسی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے دکھ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
جاری کردہ ایک بیان میں اہل خانہ نے کہا کہ ہم سے کہا گیا تھا کہ عسکری دباؤ کے ذریعے ہمارے پیارے واپس آ جائیں گے مگر حقیقت اس کے برعکس نکلی۔ یہ پالیسی کئی قیدیوں کی موت کا سبب بنی ہے۔
انہوں نے جنگ کے تسلسل پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس نہ ختم ہونے والی جنگ سے تنگ آ چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے قیدی فوراً واپس لائے جائیں۔
اہل خانہ نے امریکی حکومت اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے براہ راست اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور نیتن یاہو حکومت پر جنگ ختم کرنے اور قیدیوں کی واپسی کے لیے دباؤ ڈالیں۔