(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) پیر کے روز غاصب فوج کی فائرنگ، تشدد اور ایک صہیونی فوجی گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں دو بچوں اور ایک خاتون سمیت کم از کم چھ فلسطینی زخمی ہو گئے۔ یہ حملے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قصبہ الرام اور مغربی کنارے کے شہروں جنین اور نابلس میں کیے گئے۔
جنین کے مغرب میں واقع قصبہ برقین میں ایک صہیونی فوجی گاڑی نے ایک فلسطینی جوڑے کی گاڑی کو ٹکر مار دی جس کے باعث دونوں زخمی ہو گئے۔ فلسطینی ہلال احمر کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
جنین کے مغرب میں واقع قصبہ الیامون میں قابض افواج کے دھاوے کے بعد جھڑپیں ہوئیں جن میں دو پندرہ سالہ بچے زخمی ہوئے۔ ایک بچے کی گردن اور کمر میں گولی کے زخم آئے جبکہ دوسرے کو ٹانگ پر گولی لگی۔
اسی طرح قصبہ الرام میں غاصب فوج کے حملے میں ایک فلسطینی نوجوان کو براہ راست گولی لگی جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
نابلس کے مشرق میں واقع عسکر پناہ گزین کیمپ میں ایک اُنیس سالہ نوجوان کو صہیونی فوجیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا۔
قابض صہیونی افواج نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوبی علاقے سلوان کی عین اللوزہ بستی سے ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب بیت لحم کے جنوب میں واقع بلدة الخضر پر بھی قابض اسرائیلی فوج نے دھاوا بولا۔ فوجیوں نے علاقے کے مرکزی راستے پر واقع ام رکبہ کے داخلی مقام پر مورچہ سنبھال لیا اور گھروں پر آواز خیز بم اور زہریلی گیس کے گولے برسائے تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔