(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مزاحمت کاروں کے حملوںمیں صیہونی فوجیوں سمیت31 اسرائیلی مارے گئے ،مزاحمتی حملوںمیں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
سال 2022 کے اختتام پر غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی معروف نیوز ویب سائٹ واللا نے صہیونی فوج کی جانب سے جاری بیان نقل کیا ہے جس میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار غیر معمولی طاقت حاصل کرگئے ہیں۔
رواں سال فلسطینی مزاحمت کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں غاصب فورسز پر 285 مرتبہ فائرنگ کی، جبکہ 2021 میں یہ تعداد 61 تھی ، 2020 میں اسرائیلی فوج پر فائرنگ کے 31 اور 2019 میں صرف 19 واقعات ہوئے تھے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ 2022 میں مزاحمت کاروں کے حملوں میں اسرائیلی فوجیوں سمیت مجموعی طور پر 31 اسرائیلی مارے گئے جبکہ 2021 میں یہ تعداد 4، 2020 میں 3 اور 2019 میں 5 تھی۔