(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) "غزہ میں داخل ہونےوالی غاصب صیہونی افواج ہر قدم پر ہمارے مجاہدین کی زد میں ہے ، ہم نے دشمن کو ایسی اذیت دی ہے جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں صیہونی دشمن کو ہونے والے نقصان کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔
جاری کردہ بیان میں ابو عبیدہ نے تصدیق کی ہے کہ القسام بریگیڈ کے مجاہدین نے 48 گھنٹوں کے اندر 20 اسرائیلی فوجی گاڑیوں اور ٹینکوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "طوفان الاقصیٰ‘‘ کے آغاز کے اڑتیس دن بعد ہمارے مجاہدین دشمن کی فوجوں کا مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہیں صیہونی دشمن کو ہر قدم پر بھاری جانی او رمالی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔
ابو عبیدہ نے اس بات پر زور دیا کہ "قابض افواج ہر قدم پر ہمارے مجاہدین کی زد میں ہیں، مجاھدین دشمن کی جنگی مشین کو بدترین شکست سےدوچار کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ہم ان لوگوں کو یاد دلاتے ہیں جو وہم میں مبتلا ہیں کہ یتزاک شامیر نے ہماری مزاحمت کو دبانے کی کوشش کی، اور اسی طرح اسحاق رابن نے۔ اس وقت ہماری بٹالین صرف چند درجن مجاہدین پر مشتمل تھی اور ان کے پاس ہتھیار بھی نہیں تھے لیکن آج صورتحال بہت مختلف ہے۔