فلسطین کے علاقے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں البیرہ کے مقام پر ایک پرامن احتجاجی ریلی پر اسرائیلی مسلح فورسز نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم انیس مظاہرین زخمی ہوگئے۔
مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج کی فائرنگ سے ریلی میں شریک تین افراد کو براہ راست گولیاں لگی ہیں جبکہ 16 فلسطینیوں کو دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں میں طلباء اور عام شہری شامل ہیں۔خیال رہے کہ ہفتے کے روز شمالی البیرہ میں بیت ایل چوکی کے قریب بیرزیت یونیورسٹی کے طلباء نے ایک احتجاجی جلوس نکالا تھا جس میں طلباء کے علاوہ دیگر شہریوں نے بھی شرکت کی۔
فلسطینی مظاہرین نے صہیونی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ صہیونی فوجیوں نے مظاہرین کومنتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔