(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں صہیونی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں میں مزید سولہ فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
غرب اردن سے مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز صہیونی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کی کاروائیوں میں مجموعی طورپر 16 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے 11 فلسطینیوں پر صہیونی فوج کے خلاف مزاحمتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی فوجیوں نے غرب اردن کے شہروں یعبد، سادسا اور جنین کے میثلون قصبے سے پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ ایک فلسطینی کو نابلس میں عین الماء اور ایک کو مشرقی قلقیلیہ کے عزون قصبے سے حراست میں لیا گیا۔
تلاشی کی کارروائیوں میں رام اللہ سے چار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ ایک فلسطینی کو رام اللہ کے نواحی علاقے لقیا سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ادھر الخلیل شہر میں کفر عقب اور شمالی بیت المقدس سے بھی دو فلسطینیوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ تلاشی کی کارروائیوں میں اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کرخواتین اور بچوں کو زدو کوب کرنے کے ساتھ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور نقدی اور زیوارت لوٹ لیے۔