قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں اندھا دھند گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کےدوران صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں دو خواتین اور پندرہ بچوں سمیت 73فلسطینیوں کو حراست میں لے کر جیلوں میں ڈالا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ الخلیل سے 28 فلسطینی حراست میں لیے۔ رام اللہ 12،نابلس سے10قلقیلیہ سے آٹھ، القدس سے آٹھ، طولکرم اور بیت لحم سے چار چار اور سلفیت اور جنین سے ایک ایک شہری حراست میں لیے گئے۔
رپورٹ کےمطابق صہیونی فوج نے رام اللہ سے باون سالہ ھنیہ فرح الھبل اور رماح عطیہ نانی دو خواتین کو بھی گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا اس کے علاوہ پندرہ بچوں جن کی عمریں 12 سے 18سال کےدرمیان تھیں کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج کے ہاتھوں حراست میں لیے جانے والوں میں دو شہری حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں سے رہا ہونے والے بھی شامل ہیں۔
درایں اثناء صہیونی عدالت نے زیرحراست فلسطینی مجلس قانون ساز کے دو اراکین خلیل الربعی اورمحمد الطل کی مدت حراست میں مزید چھ ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔