(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سات اکتوبر سے اب تک صیہونی دہشتگردی میں 14،000بچوں اور 10،000 خواتین سمیت 28,663 فلسطینی شہید اور 68,395 زخمی ہوچکے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرئیل کی نام نہاد فوج نے محصور غزہ پر اپنی ننگی جارحیت کو 132ویں روز بھی جاری رکھا ہوا ہے ، صیہونی قابض افواج اور حکومت نے عالمی دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی کے جرائم کو جاری رکھا ہوا ہے ۔ دراندازی، محاصرے اور 90 فیصد سے زیادہ آبادی کے بے گھر ہونے کے نتیجے میں ایک تباہ کن انسانی صورتحال کے درمیان غزہ کے شہری زندگی گزار رہے ہیں۔
غاصب فوج کے طیاروں اور توپخانوں نے آج غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اپنے چھاپوں اور پرتشدد بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گھروں، بے گھر لوگوں کے اجتماعات اور سڑکوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خواتین اوربچوں سمیت 87 فلسطینی شہید اور 104 زخمی ہوگئے۔جبکہ زخمیوں کی بڑی تعداد اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر بے یارومددگار پڑی ہوئی ہے، غاصب فوج ایمبولینس اور شہری دفاع کے عملے کو زخمیوں تک پہچنے کی جازت نہیں دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر صیہونی دہشتگردی کے نیتجےمیں اب تک خواتین اوربچوں سمیت 28,663 شہید اور 68,395 زخمی ہو چکے ہیں۔