(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں جمعرات کے روز علی الصباح اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں ایک کم عمر بچی سمیت کم سے کم 13 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں اسیران کے امورپر نظر رکھنے والے ادارے کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فوجیوں نے بیت لحم میں بیت فجار کے مقام سے چار فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے جانے والے شہریوں کی شناخت 21 سالہ احمد صالح ثوابتہ، 19 سالہ فائز محمد طاطقہ،20 سالہ عمر عاید طقاطقہ اور 21 محمد جہاد طاطقہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔اخلیل شہر میں اسرائیلی فوج نے تین فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ پکڑے جانے والے شہریوں میں دو سگے بھائی حاتم اور علی احمد صبارنہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ الخلیل شہر سے طلال ابو سنینہ کو حراست میں لیا گیا۔
بیت المقدس سے اسرائیلی فوج نے 17 سالہ آیت محمد ھندی نامی لڑکی، 15 سالہ محمد سمان منیٰ کو حراست میں لیا، جب کہ جنین شہر سے شادی نصرصلاح ، 44 سالہ عاطف روحی الصالحی اور طولکرم سے الشیخ نضال العبوشی کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔