(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض حکام نے مغربی کنارے کے اطراف فوج کے اضافی یونٹ تعینات کرنے کا اعلان بھی کیا ہےجبکہ پولیس کی بھاری نفری کو صہیونی علاقوں میں مسلسل گشت کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی ریاست اسرائیل میں تل ابیب کے قریب بنی براک نامی شہر میں فلسطینی مزاحمت کی صورت میں 5 صہیونی باشندوں کی ہلاکت کے بعد خوفزدہ اسرائیلیوں نے گھروں سے باہر نکلنا چھوڑ دیا ہے اورسڑکو ں پر خاموشی چھا گئی ہے جبکہ دوسری جانب قابض صہیونی فورسز نے واقعے کے بعد سے اب تک صرف شک کی بنیاد پر متعدد فلسطینی شہریوں کے گھروں پر دھاوا بول کر انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تفتیشی عمل شروع کردیا ہے اور صہیونی باشندوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار ٹہراکر200 سے زائد نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے اطراف فوج کے اضافی یونٹ تعینات کرنے کا اعلان بھی کیا ہےجبکہ پولیس کی بھاری نفری کو صہیونی علاقوں میں مسلسل گشت کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
یاد رہے کہ بنی براک میں فلسطینی نوجوان کی فائرنگ سے 2 یوکرینی اور 2 اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھےجبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک عرب اسرائیلی اہلکارکی ہلاکت ہو گئی تھی ساتھ ہی حملہ آورفلسطینی بھی جوابی فائرنگ سے شہید ہو گیا تھا، یہ گذشتہ 1 ہفتے کے اندر اس نوعیت کا تیسرا فدائی حملہ تھا۔