(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں یہودی شرپسندوں نے ایک فلسطینی خاندان کو گھرمیں زندہ جلانے کی کوشش کی تاہم مقامی شہریوں نے یہودی بلوائیوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے فلسطینی خاندان کو بچالیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بیت فوریک کے مقام پر یہودی شرپسندوں نے ایک فلسطینی شہری کے گھر کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم مقامی شہریوں نے یہودی بلوائیوں کی سازش ناکام بنا دی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ’’ایتمار‘‘ یہودی کالونی سے آئے شرپسندوں نے فلسطینی شہری نھاد محمد حننی کے گھر اور اراضی پردھاوا بول دیا۔ یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہری کے گھر پر متعدد پٹرول بم پھینکے جس کے نتیجے میں گھر میں آگ لگ گئی تاہم مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کےتحت یہودی شرپسندوں کی سازش ناکام بنا دی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ مقامی شہریوں کو خبر دی گئی کہ بیت فوریک قصبے میں ایک مکان پر یہودی بلوائیوں نے یلغار کی ہے جس کے نتیجے میں مکان کو آگ لگ گئی ہے۔ مقامی شہریوں نے فوری مدد کو پہنچ کر دشمن کی سازش ناکام بنا دی۔ مقامی شہریوں کی آمد پر یہودی آباد کار فرار ہوگئے۔