ترک وزیرخارجہ احمد داؤد اوگلو نے کہا ہے کہ انہیں فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کے دورہ ترکی کے ارادے کا علم ہوا ہے۔ وہ جب بھی چاہئیں ترکی آ سکتے ہیں۔ فلسطین کا ہر لیڈر ہمارے سرآنکھوں پر ہے۔
ہم اسماعیل ھنیہ کا بھرپور خیر مقدم کریں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار انقرہ میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ”ترکی تمام فلسطینی عہدیداروں اور سربراہان کو اپنی سرزمین پر خیرمقدم کرتا ہے۔ اگراسماعیل ھنیہ نے ان کے ملک کا دورہ کیا توہم ان کا اسی طرح خیر مقدم کریں گے جس طرح اس سے قبل حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور فلسطینی صدر محمود عباس کا کر چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اسماعیل ھنیہ کے دورہ انقرہ کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں تاہم انہوں نے ذرائع ابلاغ کے توسط سے سنا ہے کہ وہ انقرہ آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کےبارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کےدرمیان اتحاد کے وہ اتنے ہی حامی ہیں جتنے خود فلسطینی حامی ہیں۔ وہ کسی ایک فریق کے ساتھ اس طرح معاملات نہیں کریں گے جس کے نتیجے میں ہمارے فلسطینی بھائیوں کےدرمیان رخنہ اندازی ہو۔
خیال رہے کہ فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اپنا طویل عرب ممالک کا دورہ گذشتہ ہفتے شروع کیا تھا۔ توقع ہے وہ عرب ممالک کے دورے کے دوران ترکی اور ایران بھی جائیں گے۔