غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ شہروں میں گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں کم سے کم 2 فلسطینی شہید اور 65 زخمی ہوئے جب کہ فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان 73 مقامات پر تصادم ہوا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 62 سالہ فلسطینی احمد العویدات جب کہ غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں 18 سالہ محمد حسام حبالی نے جام شہادت نوش کیا۔
غرب اردن، القدس اور غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم سے کم 65 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان 8 مقامات پر تصادم ہوا۔ جمعرات کو 17، بدھ کو 12، منگل کو 14، سوموار کو 12،اتوار کو آٹھ مقات پر تصادم ہوا۔