رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ واقعہ سوموار کی شام بیت المقدس میں شاہراہ ’’بارلیف‘‘پر ایک ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔ اسرائیلی پولیس اہلکاروں کو درمیانے درجے کےزخم آئے ہیں جب کہ فلسطینی نوجوان کو شدید زخمی حالت میں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک چاقو بردار فلسطینی نے اچانک پولیس اہلکاروں میں گھس کران پر چاقو سے پے درپے وار کرنا شروع کردیے جس کے نتیجے میں کم سے کم دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ موقع پرموجود دوسرے پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی ماردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان کے زخمی ہونے کے بعد بڑی تعداد میں فلسطینی وہاں جمع ہوگئے جنہیں منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج اور پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور صوتی بموں سے انہیں خوف زدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان نے دو یہودی آباد کاروں کو چاقو سے زخمی کیا ہے۔ ان کی عمریں 20 اور 29 سال بتائی جاتی ہیں۔ یہ واقعہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام پر پیش آیا۔ دونوں زخمی یہودیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی زخمی ہوا ہے۔ اسرائیلی ٹی وی چینلوں پر زخمی پولیس اہلکاروں کی ایک ویڈیو فوٹیج بھی دکھائی گئی ہے۔
اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی نوجوان کی جانب سے دو افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کیا گیا ہے۔ پولیس کی فائرنگ سے 17 سالہ فلسطینی حملہ آور بھی زخمی ہوا ہے جس کا آبائی تعلق مشرقی بیت المقدس سے ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔