رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مذاکرات کار صائب عریقات نے جمعے کے روز بتایا ہے کہ فلسطینی عہدے داران آئندہ ہفتے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں امریکا کی میزبانی میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عریقات کا یہ بیان ایک امریکی عہدے دار کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا کہ فلسطینیوں کو مذکورہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔
عریقات نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’’جہاں تک ہمیں دعوت دیے جانے کا تعلق ہے تو ہم اتنا ہی کہہ سکتے ہیں کہ صرف پولینڈ نے آج ہم سے رابطہ کیا ہے۔ ہمارا موقف واضح ہے، ہم اس کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے اور یہ باور کرا رہے ہیں کہ ہم نے کسی کو یہ اختیار نہیں سونپا کہ وہ فلسطین کے نام پر بات چیت کرے‘‘۔
واضح رہے کہ پولینڈ میں 13 اور 14 فروری کو ہونے والی اس کانفرنس کو امریکی سازش قراردیا جارہا ہے۔ امریکہ نے فلسطینیوں کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔