غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مرکز برائے انسانی حقوق نے صدر محمود عباس کی جانب سے فلسطینی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔ انسانی حقوق مرکز کا کہنا ہے کہ صدر عباس کی جانب سے فلسطینی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا اعلان فلسطینی سیاسی نظام پرحملہ ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق مرکزکی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر عباس نے فلسطینی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب دوسری جانب فلسطینی عوام فلسطینی دھڑوں میں پائے جانے والے اختلافات ختم کرنے اور غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کی امید کررہے ہیں۔ محمود عباس نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے فلسطینیوں میں اختلافات کی خلیج مزید گہری کی ہے۔
مرکزبرائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر ناجی الصورانی نے کہا کہ صدر عباس اور ان کے حامی فلسطین میں سیاسی نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں صدر محمود عباس نے سنہ 2006ء میں ہونے والے انتخابات کے بعد قائم ہونے والی پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے چھ ماہ کے اندر اندر پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اس بیان پرفلسطین کے سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)، اسلامی جہاد، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین اور دیگر فلسطینی جماعتوں نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اعلان کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔