اسرائیل کے کثیر الاشاعت عبرانی اخبار "یدیعوت احرونوت” نے صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کا ایک بیان نشر کیا ہے جس میں انہوں نے القدس شہر میں یہودی آباد کاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ یہ حکم ایک ایسے وقت دیا جا رہا ہے کہ جب صہیونی سپریم کورٹ مغربی کنارے میں بے ربط یہودی آبادیوں کو گرانے کا حکم صادر کر چکی ہے۔
اخبار کے مطابق حکمران جماعت اللیکود کے ارکان نے مسٹر یاہو پر پارٹی اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے شدید تنقید کی۔ جماعتی ارکان کی تنقید کاجواب دیتے ہوئے نیتن یاہو نے واضح کیا کہ انہوں نے عدالتی فیصلے کے بعد القدس میں یہودی آباد کاری کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی مغربی کنارے میں بھی ایسی کارروائیوں کو تیز کرنے کا کہا ہے۔
عبرانی روزنامے نے مسٹر یاہو سے منسوب بیان میں کہا ہے کہ "اسرائیل کے مستقبل کے حوالے سے اہم جگہوں پر دو ہزار نئے یہودی آبادکاری یونٹس قائم کئےجائیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تنقید کے باوجود ہم اپنی پالیسی تبدیل نہیں کریں گے۔ ہم اپنی عالمی سطح پر تنہائی کو بھی خاطر میں نہیں لائیں گے، بہ مسٹر یاہو یہودی تعمیرات عین قانون کے مطابق ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کی دوپہر سیکٹروں یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی سپریم کورٹ کے سامنے عدالتی فیصلے پر احتجاج کیا، جس میں مغربی کنارے سے یہودی آبادیاں ختم کرنےکی ہدایت کی گئی تھی۔