اسرائیل کی جانب سے دفاع قبلہ اوّل کے لیے سرگرم تنظیم اسلامی تحریک پر پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے بعد سنہ 1948 ء کے تمام مقبوضہ فلسطینی شہروں میں کل جمعرات کو پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق سنہ 1948 ء کے شہروں کی سپریم فالو اپ کمیٹی نے منگل کے روز اپنے ایک ہنگامی اجلاس میں اعلان کیا کہ جمعرات کو فلسطین سنہ 48 ء کے تمام مقبوضہ شہروں میں ہڑتال کی جائے گی جب کہ ہفتے کے روز ام الفحم شہر اور دوسرے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔سپریم فالواپ کمیٹی کے مطابق جمعرات کو مقبوضہ فلسطینی شہروں میں کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی اور اسکولوں کو بھی بہ طوراحتجاج بند رکھا جائے گا۔
فالو اپ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی تحریک اور اس کے تمام ذیلی اداروں پرپابندی کا اسرائیلی فیصلہ ناقابل قبول اور فلسطینیوں پرعرصہ حیات تنگ کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے۔
خیال رہےکہ اسرائیلی حکومت نے سنہ 1948 ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں سرگرم تنظیم اسلامی تحریک اور اس کے 17 ذیلی اداروں پرپابندیاں عائد کی ہیں جس پر فلسطین میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔