(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غاصب صیہونی ریاست کی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں اور قصبوں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
آج ہفتہ کی صبح برقعہ کے شمال مغرب میں واقع قصبے میں آٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ایک نوجوان اور ایک گیارہ سالہ بچے کو گولیاں مارکر شہید کردیا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار ہونے سے پہلے شدید زخمی کردیا۔ اس دوران جنین کے مغرب میں سلات الحارثیہ میں مزاحمتی جنگجوؤں اور صیہونی فوج کے درمیان محاذ آرائی شروع ہوئی۔
برقع قصبے کے سرگرم کارکن سامی دغلاس نے بتایا کہ قابض فوج نے ایک بڑے پیمانے پر گرفتاری مہم شروع کی تھی، جس کے دوران آٹھ شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ مقامی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وسطی مغربی کنارے کے رام اللہ کے مشرق میں آباد کاروں نے کسانوں پر حملہ کیا۔
جنین میں فلسطینی سیکورٹی سروسز کے کیمپ کے مسلسل محاصرے کے باعث احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اور سیکورٹی سروسز کے ساتھ مسلح جھڑپوں کا سلسلہ بھی بڑھ رہا ہے۔ جنین شہر میں آج ایک جامع تجارتی ہڑتال ہوئی، جس میں کیمپ میں جاری بحران کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا، جو اب اپنے سترویں دن میں داخل ہو چکا ہے۔