(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوجیں جنین کیمپ پر اپنے وسیع پیمانے پر جاری حملے کے بارہویں دن اور طولکرم کیمپ پر چھٹے دن بھی اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دوران بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا جا رہا ہے، گھروں کو آگ لگائی جا رہی ہے، اور مقامی لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔
فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ صیہونی فوجوں نے الخلیل کے شمال میں واقع الحلحول پل پر فلسطینیوں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی او گاڑی میں موجود افراد کو حراست میں لے لیا ان فلسطینیوں کے حوالے سے کوئی تفصیلات موصول نہیں ہوئی۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی "وفا” کے مطابق، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوجوں نے جمعہ کے روز الخلیل کے جنوبی علاقے میں ایک گھر کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطینی میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوجوں نے الخلیل کے مغرب میں واقع بلدة إذنا میں دھاوا بول دیا اور رہا ہونے والے قیدی شحادہ الجیاوی کے گھر کی تلاشی لی۔ اس دوران فوجوں نے گھر کے ارد گرد آنسو گیس کے گولے فائر کیے۔