اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کر کے کم از کم دس فلسطینی شہریوں کو اغوا کر لیا ہے۔ پیر کے روز گرفتار کیے جانے والوں میں سے چھ کا تعلق ضلع الخلیل سے ہے۔
مغربی کنارے کے تاریخی ضلع الخلیل میں اسرائیلی قابض سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے دو فلسطینیوں ڈاکٹر فاروق عاشور اور اکیس سالہ حسن موسی بدوی ابو سنینہ کے گھروں پر دھاوا بولا اور گھروں کی تفصیلی تلاشی لی، گھروں میں توڑ پھوڑ کے بعد اسرائیلی فوج نے دونوں فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ ایسی ہی دیگر کارروائیوں میں قلقیلیہ سے دو جبکہ بیت لحم سے ایک شہری اغوا کیا گیا۔
عبرانی ریڈیو کے دعوے کے مطابق گرفتار کیے جانے والے افراد اسرائیلی فوج کو پہلے سے مطلوب تھے اسرائیل کو ان پر اسرائیلی فورسز اور یہودی آباد کاروں پر حملوں کا شبہ تھا۔
صہیونی ریڈیو نے گرفتار کیے جانے والے تمام افراد کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا سکیورٹی کے حوالے سے خطرناک ہو گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ چند روز سے روزانہ کی بنیادوں پر مغربی کنارے کے فلسطینیوں کو اغوا کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے حالیہ گرفتاریاں بھی اسی مہم کا ایک حصہ تھیں۔