مغربی کنارے اور 48ء کے مقبوضہ فلسطین کے درمیان تعمیر کی جانے والی اسرائیلی نسلی دیوار اور یہودی بستیوں کی تعمیر کے خلاف فلسطینیوں کےاحتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
جمعہ کے روز مختلف سرحدی علاقوں میں فلسسطینیوں نے ہفتہ وار ریلیاں نکالیں جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
مغربی کنارے کو 48ء کے مقبوضہ فلسطین سے علیحدہ کرنے اور مشرقی القدس کو مغربی کنارے سے الگ کر کے مغربی القدس میں شامل کرنے کی خاطر بنائی جانے والی اس دیوار کے خلاف نکلنے والے مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیلی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
کفر قدوم گاؤں میں ہفتہ وار ریلی کو ’’ناقابل ضیاع حق‘‘کا عنوان دیا گیا تھا۔ اس ریلی میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں غیر ملکی رضاکار بھی شامل تھے۔
احتجاجی ریلی کے شرکاء نے جمعہ کی نماز کے فورا بعد بند کیے گئے گاؤں کا رخ کیا۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں فلسطینی قوم کی جانب سے اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کے نعرے درج تھے۔ جیسے ہی ریلی دیوارکے قریب ممنوعہ علاقے میں پہنچی اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین پر زہریلی گیس کے شیل برسانا شروع کر دیے۔ اس دوران کئی فلسطینی گھروں پر بھی شیلنگ کی گئی جس کی زد میں آکر خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد شدید تکلیف میں مبتلا رہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے کفر قدوم کی ریلی کے شرکاء پر براہ راست شیلنگ کی جس سے بعض افراد زخمی بھی ہو گئے۔
ادھر بلعین گاؤں میں بھی صہیونی حکومت کی جانب سے بنائی گئی دیوار کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی گئی، ریلی میں شامل متعدد غیر ملکیوں اور سیکڑوں فلسطینیوں کا استقبال اشک آور گیس کے شیلوں سے کیا گیا۔ اسرائیلی فورسز کے بے دریغ لاٹھی چارج سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
صہیونی نسلی دیوار اور یہودی بستیوں کے خلاف قائم قومی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے مظاہرین پر ربڑ میں لپٹی دھاتی گولیاں، اشک آورگیس کے شیل اور صوتی بم برسائے ہیں جس سے ایک اٹھارہ سالہ غیر ملکی خاتون رضا کار تالسماجہ کے علاوہ معتدد فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی گاؤں قلندیا میں بھی ریلی کےشرکاء نے ایک دھرنا بھی دیا جس میں مختلف رہنماؤں نے خطابات کیے اور نسلی تعصب پر مبنی اسرائیلی دیوار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ دھرنے میں دیگر دیہاتوں اور نواحی علاقوں کے افراد کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ دھرنے دینے والوں نےاسرائیلی نسلی دیوار کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔