مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک پر یہودی آباد کاروں کے بڑھتے حملوں کے تناظر میں فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن قیس ابو لیلی نے مطالبہ کیا ہے کہ متشدد حملہ آوروں سے نمٹنے کے لیے پورے مغربی کنارے میں دو بارہ پیپلز گارڈز کمیٹیاں تشکیل دی جائیں
، ان کمیٹیوں کی ذمہ داری فلسطینی اراضی ، دیگر املاک اورعام شہریوں کو یہودیوں کے حملوں سے تحفظ فراہم کرنا ہو۔
فلسطینی رہنما کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں یہودیوں کے انتہاء پسند جتھوں کی تخریبی کارروائیوں میں انتہائی تیزی آئی ہے۔ جیسا کہ جمعرات کے روز قابض یہودیوں کے ایک شر پسند گروہ نے نابلس کے جنوبی شہر قصرہ میں فلسطینیوں کے 210زیتون کے درخت اکھاڑ پھینکے تھے۔
قیس ابو لیلی نے تمام فلسطینی تنظیموں، حلقوں اور گروہوں سے اپیل کی کہ وہ عام شہریو ں کو یہودی آباد کاروں کے حملوں سے بچانے کے لیے متحد ہوکر اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مغربی کنارے میں ناجائز بستیاں بسا کر رہنے والے یہودیوں نے فلسطینیوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ یہ انتہاء پسند آباد کار فلسطینی املاک اور اراضی پر قبضہ کرکے پورے مغربی کنارے کو یہودی رنگ میں رنگتے جارہے ہیں، اس خوفناک صورتحال کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین