فلسطین میں بیت المقدس میں یہودیت کے خلاف اور قبلہ اول کے دفاع کے لیے قائم "مصر۔فلسطین عوامی مہم”نے مصر میں القدس اور قبلہ اول کے حوالے سے کئی نئی سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں سب سے بڑا اقدام قاہرہ کے تحریر اسکوائر میں آئندہ جمعہ کو ملین مارچ کا اعلان شامل ہے۔
مصر۔ فلسطین” کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار سے ملک بھر میں آئندہ جمعہ کے ملین مارچ کو کامیاب بنانے کےلیے ریلیوں اور جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مہم کےعہدیداروں نے” تحفظ قبلہ اول ملین مارچ” کو کامیاب بنانے اور اس میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب سے بھی ملاقات کی ہے۔ شیخ احمد الطیب نے نہ صرف ملین مارچ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے بلکہ انہوں نے مصری عوام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ جمعہ کو تحریر اسکوائر میں جمع ہو کر قبلہ اول کے لیے اپنی عقیدت اور محبت کا ثبوت فراہم کریں۔
مہم کے کارکنان نے کئی دیگر سیاسی جماعتوں اور سرکردہ سماجی و مذہبی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ ان میں اخوان المسلمون کے مرشد عام، معروف اسلامی اسکالر شیخ محمد عمارہ، مصر شریعت آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹر محمد مختار المہدی، جامعہ الازھر میں کلیۃ التاریخ کےڈین پروفیسر ڈاکٹر جمال عبدالہادی، ورکرز یونین، صحافیوں اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ مہم کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ٹیم نے مختلف اخبارات و جرائد کے مدیران اور ٹی وی چینلوں کے مالکان سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ عوامی سطح پر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی حکومت کی غیرقانونی یہودی سرگرمیوں اور مسجداقصیٰ کو لاحق خطرات میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے۔
آج اتوار کے روز تحریر اسکوائرمیں "مسجد اقصیٰ کو شہید نہیں ہونے دیں گے” کے عنوان سے ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے بعد آئندہ جمعہ تک روز مرہ کی بنیاد پرمختلف جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ملین مارچ میں شریک کر کے اسرائیل کو یہ پیغام دیا جائے کہ فلسطین اور مصر کےعوام قبلہ اول کے حوالےسے متحد ہیں۔