علمائے اسلام کے عالمی اتحاد کے سربراہ علامہ یوسف قرضاوی نے ایک بار پھر مسلمانوں کو قبلہ اول اور بابرکت شہر القدس کی واپسی کی بشارت کا اعادہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عنقریب اسرائیلی مکمل طور پر اسرائیل چھوڑ دیں گے۔ ہم سب اس وقت کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
عالم اسلام کے معروف مذہبی رہنما شیخ قرضاوی نے قطر کے دارالخلافے دوحہ کی جامع مسجد عمر بن الخطاب میں خطبہ جمعہ کے دوران مسلمانوں کو اسرائیل کے زوال کی تیاری پر ابھارتے ہوئے کہا ’’ہم پر لازم ہے کہ اپنے نوجوانوں کو اس دن کے لیے تیار کریں‘‘ انہوں نے یاد دہانی کروائی کے اسرائیل اپنے قیام کی 64 ویں سالگرہ منا رہا ہے تو دوسری جانب فلسطینی اپنے نکبہ (بڑی مصیبت) کی یاد منا رہے ہیں۔
شیخ قرضاوی نے فلسطین کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج حرم ثالث اور بیت المقدس سمیت ساری فلسطینی سرزمین اسرائیل کے قبضے میں چلی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے خطبہ میں مسجد اقصی کے مقام و مرتبے کو بیان کیا۔
انہوں نے عالم عرب سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین پر جھپٹنے والے درندہ نما اسرائیل کی مخالفت میں فلسطین دوست موقف اپنائے اور مشرق اور مغرب میں اسرائیلیوں کی حمایت ترک کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مسلمان مجاہدوں کو ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ذلت اور رسوائی کا راستہ اختیار نہ کرو اور اپنے بھائیوں کو کسی صورت دشمن کے سپرد نہ کیجئیے گا۔ انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کی سیاسی، مالی اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے مدد کرے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

