اسرائیلی حکومت نے فلسطینیوں کو قبلہ اول میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے لیے مسلمانوں پر سخت شرائط عائد کردی ہے۔ صہیونی پابندیوں کے بہ موجب متعین عمر والے افراد کو ہی مسجد اقصی میں نماز پڑھنے کی اجازت دی جائیگی۔ ادھر فلسطینیوں کو مسجد میں آنے سے روکنے کے لیے القدس کی اولڈ میونسپلٹی اور دیگر تمام علاقوں میں جگہ جگہ اسرائیلی فوجی اہلکاروں کو گشت پر مامور کردیا گیا ہے
صہیونی پولیس، سرحدی گارڈز اور فوج کے اہلکاروں کی بڑی تعداد میں موجودگی سے القدس کسی فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کرنے لگا۔ بالخصوص اولڈ میونسپلٹی اور مسجد اقصی کے تمام دروازوں کے قریب جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں جہاں پر آنے والے نمازیوں کی شناخت کر کے ان سے پوچھ گچھ کر کے انہیں مسجد میں جانے دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز پچاس سال سے کم عمر افراد کے مسجد اقصی میں داخلے پر پابندی کے فیصلے کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم صہیونی حکومت نے عدالت کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے نمازیوں پر عمر کی پابندی برقرار رکھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین