(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے زیتون کے باغ پر حملہ کرتے ہوئےدرجنوں درختوں کو کاٹ ڈالاجبکہ تیار پھلوں کو ضائع کردیا۔
مقامی ذرائع سے حاصل اطلاعات کے مطابق آج صبح مقبوضہ بیت المقدس کے شہر بیت لحم کے جنوبی فلسطینی گاؤں الجبعہ میں قریبی غیر قانونی یہودی بستی کے رہائشی شرپسند صیہونی آبادکاروں کے ایک گروپ نے فلسطینیوں کے زیتون کے باغ پر حملہ کیا اور درجنوں درختوں کو کاٹنے کے ساتھ ساتھ تیار پھلوں کو ضائع کردیا ۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی آبادکاری کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی کمیٹی کے رکن غسان دگلس نےبتایا کہ شرپسند صیہونی آبادکاروں کو دہشتگردانہ کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج اور پولیس کی مکمل حمایت حاصل ہوتی ہے جبکہ آبادکار مسلح بھی ہوتے ہیں جو کسی بھی وقت نہتے فلسطینیوں پر تشدد اور کبھی تو فائرنگ کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔