مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونیوں کی انتہا پسند تنظیموں کی اپیل پرکل اتوار کو ایک سو سے زائد صیہونی آباد کار تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مسجد اقصیٰ داخل ہوئے اور مذہبی رسومات ادا کیں۔اتوار کوعلی الصباح 49 مسجد اقصیٰ میں صیہونی انتہا پسند رکن کنیسٹ کی قیادت میں 83 صیہونی داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 118 صیہونی آباد کار پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی آباد کاروں کی قبلہ اول پر یلغار کے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصیٰ میں جمع ہوگئی۔ فلسطینیوں نے یہودیوں کی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کی کوشش کی مگراسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں کی اشتعال انگیز یلغار کے باعث مسجد اقصیٰ میں کشیدگی پائی جار ہی ہے۔ مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسرائیلی فوج اورپولیس کی بھاری نفرتی تعینات ہے۔
خیال رہے کہ صیہونی انتہا پسند تنظیموں نے گذشتہ دونوں آباد کاروں سے اپیل کی تھی کہ وہ ہفتے اور اتوار کے ایام میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کراجتماعی انداز میں تلمودی تعلیمات ادا کریں۔ دوسری جانب فلسطینی مذہبی جماعتوں اور قبلہ اوّل کے دفاع کے لیے کام کرنے والی انجمنوں نے بھی فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی شرپسندوں کی یلغار روکنے کے لیے مسجد اقصیٰ میں اپنی حاضری کویقینی بنائیں۔ صیہونیوں کی یلغار روکنے کے لیےفلسطینیوں کی بڑی تعداد مسجد اقصیٰ کے اندر اور باہر موجود ہے۔ اسرائیلی فوج اور پولیس نے فلسطینیوں کو مسجد کے اندر جانے سے روک دیا ہے۔