فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تاریخ جامع مسجد ابراہیمی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے ایک کارروائی کے دوران ایک فلسطینی لڑکی کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ گرفتار کی گئی لڑکی سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسجد ابراہیمی کے ڈائریکٹر اوقاف منذر ابو الفیلات نے ایک بیان میں بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے مسجد ابراہیمی کے داخلی راستے پر لگائے گئے ناکے سے گذرنے والی ایک فلسطینی لڑکی کو حراست میں لیا ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا ہے کہ اس کہ تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے ایک چاقو برآمد ہوا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی لڑکی نے ایک پولیس اہلکار پر چاقو سے حملے کی کوشش کی جس پراسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار کی گئی لڑکی کو ایک حراستی مرکز میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کی گئی فلسطینی لڑکی کا تعلق الخلیل کے نواحیی علاقے یطا سے ہے اور اس کی عمر 27 سال بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ اسی علاقے سے جمعہ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی لڑکے کو یہودی آباد کاروں پر چاقو سے حملے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔