(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) خالد مشعل نے کہا کہ تاریخ کی انتہا پسند مجرم صیہونی حکومت غیر انسانی اقدامات کے ذریعے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سےبے دخل کرکے اردن ھجرت پر مجبور کررہی ہے۔
فلسطین پر غاصب غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل نے اردن میں 22ویں الاقصیٰ فیسٹیول کے دوران ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ صہیونی کہتے ہیں کہ اگر فلسطینیوں کا کوئی وطن ہے تو وہ اردن میں ہے، صیہونی دشمن گہری اور خطرناک سازش کے تحت غرب اردن اور مشرقی بیت المقدس کے فلسطینیوں کوان کے گھروں سے بے دخل کررہا ہے ۔
انھوں نے مقبوضہ مغربی کنارے سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے صہیونی قابض ریاست کے منصوبے کا مقابلہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ صرف غیر قانونی صیہونی آباد کاری نہیں ہے بلکہ یہ منصوبہ لوگوں کو مغربی کنارے سے بے گھر کرنے کے لئے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ اب خطرے میں نہیں ہے بلکہ خود خطرے کا مرکز ہے۔ آئے روز اس کی ہونے والی بے حرمتی اور اس میں دخل اندازی اس کے انہدام کے خطرے کا حصہ ہے۔ اگر ہم نے مسجد اقصیٰ کو کھو دیا تو ہمارے پاس نہ زمین بچے گی اور نہ ہی وطن۔ ہم جہاد، مزاحمت اور شہادت کی قوم ہیں اور یہ قوم تاریخ کے آغاز سے ہی ہمیشہ نیک نیتی سے چلی آرہی ہے۔