فلسطین میں غیر آئینی صدر محمود عباس نے اپنی جماعت فتح کے سیاسی شعبے کے چیئرمین فاروق قدومی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
عرب نشریاتی ادارے "الجزیرہ” کی ویب سائٹ پرجاری کی گئی ایک رپورٹ میں باوثوق فلسطینی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ محمود عباس نے گذشتہ ماہ کے آخر میں فتح کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کواپنے فیصلے سے مطلع کرتے ہوئے کہ تھا کہ وہ قدومی سے سیاسی شعبے کی سربراہی لے کر اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صدرکے اس فیصلے پر ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عبدالرحیم ملوح نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور صدر سے کہا کہ وہ ایگزیکٹو کمیٹی کو ایک طرف رکھ کر فیصلے نہ کریں، اس پر صدر نے انہیں سخت سرزنش کی اور کہا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر ہیں، انہیں کسی شخص کی تقرری اور معزولی کا اختیار ہے، فتح کی ایگزیکٹو کمیٹی کو ان کے فیصلے قبول کرنا ہوں گے۔