اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان فوزی برھوم کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس خطے کے مسائل کے حل میں ناکام امریکی پروگرام اور اسرائیل کے ساتھ بے سود براہ راست مذاکرات سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔
فلسطین کی سب سے بڑی سیاسی اور مزاحمتی جماعت حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ محمود عباس کے پاس مسئلہ فلسطین کے حل کا کوئی واضح راستہ موجود نہیں، وہ اب تک فلسطینی قوم کے لیے بے سود مذاکرات سے پرامید ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک بار پھر فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ میں فلسطینی رکنیت کی درخواست پر ووٹنگ کے نتائج سے قطع نظر اسرائیل کے ساتھ راست مذاکرات کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا بھلے ہمیں اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت مل بھی جائے ہم پھر بھی اپنے مسائل کے حل کے لیے اقوام متحدہ سے رجوع کے بجائے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کو ترجیح دیں گے۔