مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت اوقاف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2019ء کے دوران صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ اور الخلیل شہر میں واقع مسجد ابراہیمی پر 100 حملے کیے اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزارت اوقاف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارچ کے دوران صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی 56 بار بے حرمتی کی جب کہ مسجد ابراہیمی میں 53 بار اذان دینے پر پابندی عائد کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن کی طرف سے مقدس مقامات کے خلاف جنگ جاری ہے۔ مارچ کے دوران صیہونی آباد کاروں اور اسرائیلی فوج نے القدس میں مسجد اقصیٰ کے باب رحمت کی دو بار بے حرمتی کی۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے بیت المقدس کی درجنوں دینی اور قومی شخصیات کو مسجد اقصیٰ سے بے دخل کیا۔ ان میں قبلہ اوّل کے محافظ بھی شامل ہیں۔
اسی دوران صیہونی انتہا پسند گروپوں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز مہمات شروع کی ہیں۔
صیہونی آباد کار غرب اردن میں سلفیت اور دوسرے مقامات پر موجود تاریخی مقامات پر دھاوے بولتے رہے۔