(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر دھاووں کے پیچھے اسرائیلی فوج اور انتہا پسند حکومت کا ہاتھ ہے، فلسطینی کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے ، اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں جاری دھاووں کا ڈٹ کرمقابلہ کریںگے۔
مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب اور اسلامک کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک بیان میں مسجد اقصیٰ پر قابض صیہونی ریاست کی سرپرستی میں یہودی مذہبی جنونیوں کی اجتماعی یلغار کو کھلی غنڈہ گردی اور مذہبی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اسرائیلی مذہبی دہشتگردی کے سامنے ہر گز بھی نہیں جھکے گی۔
انھوں نے کہا کہ شرپسند یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر دھاووں کے پیچھے اسرائیلی فوج اور انتہا پسند حکومت کا ہاتھ ہے۔ قابض ریاستی سرپرستی میں ہونے والے یہودی مذہبی جنونیوں کے دھاووں کے ذریعے قابض صیہونی ریاست فلسطینی قوم کو قبلہ اول سے دور کرنا چاہتی ہے تاہم فلسطینی قوم اسرائیلی مذہبی دہشتگردی کے سامنے ہر گز بھی نہیں جھکے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی یہودی انتہا پسند گروپوںکی طرف سے شرپسند یہودی مذہبی جنونیوں سے سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ آج سوموار 10 فروری 2020ء کو یہودی مذہبی تہوار’یوم شجر عبرانی’ کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مذہبی رسومات ادا کریں۔