مظفر احمد ہاشمی،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،مولانا سید عقیل انجم،علامہ آفتاب حیدر جعفری کا مشترکہ بیان
قبلہ اول بیت المقدس کا تحفظ ہماری دینی ،اخلاقی،سیاسی ذمہداری ہے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل قبلہ اول بیت المقدس کو یہودیانے سے باز رہے،دنیا بھر کے غیرت مند اور حریت پسند انسان القدس کو یہودیانے کی سازش کو ناکام بنا دیں۔
ان خیالات کااظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی (سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی)،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی (مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان)،مولانا سید عقیل انجم (رہنما جمعیت علماء پاکستان) ،علامہ آفتاب حیدر جعفری (مرکزی رہنما جعفریہ الائنس پاکستان) اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے قبلہ اول بیت المقدس ”القدس ”کو صیہونی ریاست کا دارالحکومت بنانے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کاکہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے القدس کو صیہونی غاصب ریاست کا دارالحکومت قرار دینا فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ان کاکہنا تھا کہ القدس فلسطین کا دارالحکومت ہے اور اسے دنیا کی کوئی طاقت فلسطین سے جدا نہیں کر سکتی ۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ قبلہ اول بیت المقدس شدید حقیقی خطرات سے دوچار ہے ،عالم اسلام اور دنیا بھر کے با ضمیر انسانوں کو فوری مدد کے لئے پہنچنا چاہئیے ،انہوںنے عرب حکمرانوں اور عالم اسلام کے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول بیت المقدس کو صیہونی سازشوں کے شکنجہ سے بچانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔رہنماؤںنے اقوام متحدہ،عرب لیگ اور اسلامی ممالک کی تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اول بیت المقدس کو صیہونی غاصب ریاست اسرائیل کے دارلحکومت بنائے جانے کے فیصلہ کے خلاف سخت ایکشن لے اور غاصب صیہونی ریاست کو لگام دینے میں اپناکردار ادا کرے،انہوںنے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام قبلہ اول بیت المقدس کو یہودیانے نہیںدیں گے اور قبلہ اول ”القدس”کی حفاظت کے لئے ہر ممکنہ مدد کریں گے۔