بیت المقدس(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)بیت المقدس میں یہودی آزاد ہیں ،کل منگل کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں دسیوں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو 266 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی اور اشتعال انگیز حرکتیں کر کے فلسطینی نمازیوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں کے دھاووں کے وقت صہیونی پولیس کی بھاری نفری مسجد کے دروازوں پر تعینات کی گئی تھی۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے یہودی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کا قبلہ اول پر دھاووں کا اشتعال انگیز سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ سوموار کو بھی اسرائیل کے انتہا پسند وزیر اوری ارئیل کی قیادت میں دو سو سے زاید یہودی آباد کاروں نے قبلہ اول میں گھس کرمقدم کی بے حرمتی کی۔