(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع علاقے کفر عقب پر ایک وحشیانہ چھاپہ مار کارروائی کی۔مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے اپنی خفیہ اور اسپیشل یونٹس کے ہمراہ کفر عقب پر حملہ کیا اور وہاں اندھا دھند زہریلی آنسو گیس اور دھماکہ خیز صوتی بموں کا استعمال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے کفر عقب کے محلوں الزغیر اور سمیرہ میس پر یلغار کی، شہریوں کی گاڑیوں کو رام اللہ جانے سے روک دیا اور مرکزی شاہراہ پر موجود دکانداروں کو زبردستی اپنی دکانیں بند کرنے پر مجبور کر دیا۔
مزید برآں صیہونی فوج نے علاقے کی فضا میں روشنی پیدا کرنے والے بم فائر کیے اور ایک رہائشی عمارت پر بھی دھاوا بولا۔
اسی سلسلے کی ایک اور کارروائی میں قابض اسرائیلی فوج نے شمالی القدس کے قصبے الرام پر بھی حملہ کیا اور وہاں بھی زہریلی گیس اور دھماکہ خیز بموں کا استعمال کر کے خوف و ہراس پھیلایا۔ تاہم ان واقعات میں کسی کے زخمی یا شہید ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔