(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی بلدیہ کی جانب سے فلسطینی اسیر کے گھر کی مسماری کے بعد قابض فوج اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جس میں 3 نوجوانوں کے زخمی ہونے کی اطلا ع ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے گزشتہ روز اسرائیلی بلدیہ کے ہمراہ مقبوضہ بیت المقدس کے شہر نابلس کے جنوبی قصبے رجب کے رہائشی 46 سالہ خلیل دویکات جو اس وقت صیہونی زندان میں قید ہیں کے گھر پر بغیر نوٹس کے دھاوا بولا اور ان کے دو منزلہ گھر کو مسمار کردیا ۔
قصبے کے میئر نے بتایا کہ قابض صہیونی فوجیوں نے مکان مسمار کرنے سے پہلے علاقے کو گھیرے میں لے کر خارجی اور داخلی راستوں کو بند کردیا ۔
واضح رہے کہ فلسطینی اسیر خلیل دویکات کو ایک یہودی مذہبی پیشوا کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کے الزام میں عمرقید کی سزا سنائی گئی تھی، اسرائیلی فوج کی انتقامی کارروائی کے بعد فلسطینی اسیر کا پورا خاندان بے یارومددگار سخت موسم میں کھلے آسمان تلے آگیا ہے ۔