جنوبی مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے مختلف حصوں میں قابض فوج نے جمعہ کے روز مزید کمک بلا کر سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ بڑی تعداد میں فوجی باب الزاویہ اور الشہدا سٹریٹ کے علاقے میں تعینات کئے گئے ہیں۔ قابض فوج نے ابراہیمی مسجد کے داخلی راستوں پر بھی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شلالہ اور الخلیل کے پرانے مضافاتی علاقے میں گشتی پارٹیوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
جمعرات کی شام کو باب الزاویہ میں قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا تھا۔ تصادم روکنے کے لئے قابض فوج نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کے شیل اور گولیاں چلائیں جس سے متعدد شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی ذرائع کے مطابق فوار کیمپ کے نوجوانوں، عوامی تنظیموں اور الخلیل کے نوجوانوں کے مختلف گروہوں نے ایک احتجاجی مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مارچ کا مقصد شہر کے جنوبی راستے کی بندش اور یہودی بستیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین